وزیراعظم کی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے ہر ممکن قانونی و سفارتی تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

یہ یقین دہانی انہوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات کے دوران کرائی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت اس اہم انسانی معاملے میں غافل نہیں ہے اور عافیہ صدیقی کے کیس پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ جاری کردہ سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اس سے قبل بھی اس معاملے پر اُس وقت کے امریکی صدر جو بائیڈن کو خط لکھ چکے ہیں۔

مزید پیش رفت کے لیے وزیراعظم نے وزیر قانون و انصاف کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے، جو ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے مسلسل رابطے میں رہے گی اور قانونی و سفارتی معاونت فراہم کرے گی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے سلسلے میں وزیراعظم اور کابینہ کے دیگر ارکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close