**پنجاب اسمبلی میں قانون سازی کا نیا ڈیجیٹل دور، 400 ٹیبس اور AI چیٹ بوٹ منصوبے کا حصہ**
پنجاب اسمبلی میں اب قانون سازی جدید ٹچ اسکرین سسٹم پر کی جائے گی، جس کے تحت پنجاب حکومت 400 پارلیمنٹیرینز کے لیے ٹیبلیٹس فراہم کرے گی۔ محکمہ پارلیمانی امور اس مقصد کے لیے 8 کروڑ روپے کی لاگت سے 400 ٹیبس خریدے گا۔
منصوبے کے تحت اسمبلی ریسورس سینٹر، آن لائن تربیتی پروگرام اور جدید اے آئی چیٹ بوٹ بھی شامل کیے جائیں گے۔ مجموعی طور پر اس جدید کاری منصوبے پر 30 کروڑ 73 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق، منصوبے کے بجٹ کا 42.6 فیصد صرف ہارڈویئر پر خرچ ہوگا۔ اے آئی چیٹ بوٹ کے ذریعے ارکان اسمبلی کو قانون سازی میں فوری اور مؤثر مدد فراہم کی جائے گی، جبکہ عوام بھی اس سسٹم کے ذریعے قوانین سے متعلق معلومات حاصل کر سکیں گے۔
اس پروگرام کے تحت سیاستدانوں کو ڈیجیٹل ٹریننگ فراہم کی جائے گی اور آن لائن کورسز بھی کرائے جائیں گے، تاکہ ارکان اسمبلی جدید تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں۔
تاہم، سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور آصف بلال لودھی نے اس منصوبے پر کوئی مؤقف دینے سے گریز کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں