بزرگ شہریوں کیلئے اچھی خبر

پنجاب میں بزرگ شہریوں کی سماجی، طبی، قانونی اور معاشی فلاح و بہبود کے لیے ’’پنجاب سینئر سٹیزنز ویلفیئر کونسل‘‘ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سینئر سٹیزنز ویلفیئر بل 2025 پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا ہے، جسے مزید غور کے لیے قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے۔

بل کے مطابق 70 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو ’’سینئر سٹیزن‘‘ قرار دیا جائے گا۔ ان کی مالی معاونت اور سہولیات کے لیے سینئر سٹیزنز ویلفیئر فنڈ قائم کیا جائے گا، جس میں حکومتی گرانٹس، عطیات اور دیگر ذرائع سے فنڈز شامل ہوں گے۔ لاوارث، بے سہارا، معذور یا بے آمدن بزرگوں کو مالی امداد دی جائے گی۔

بل میں حکومت کو بزرگ شہریوں کے لیے اولڈ ہومز، مفت علاج، اور قانونی مدد فراہم کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ مزید برآں، پارکس، لائبریریز، اور میوزیمز میں بزرگوں کے لیے انٹری فری کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

دیگر تجاویز میں پبلک مقامات پر الگ کاؤنٹرز، ریمپس، اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات شامل ہیں۔ بل کے تحت بزرگوں کے لیے ہیلپ لائن قائم کی جائے گی اور ہر سرکاری اسپتال میں ان کی مخصوص نگہداشت لازم قرار دی گئی ہے۔

بل کی منظوری کے بعد پنجاب میں بزرگ شہریوں کو قانونی تحفظ اور ایک باعزت زندگی گزارنے کے لیے ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر سماجی بہبود اس کونسل کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ مختلف محکموں کے سیکریٹریز اس کے رکن ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close