پوری پی ٹی آئی کچھ نہیں کرسکی تو عمران خان کے بچے کیا کرلیں گے، طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اگر پوری پی ٹی آئی کچھ نہیں کرسکی تو عمران خان کے بچے کیا کرلیں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ اگر عمران خان کے بچوں کو ویزا درکار ہوا تو وہ 24 گھنٹوں میں جاری کر دیا جائے گا۔ اگر وہ پُرامن احتجاج میں حصہ لیں تو اس پر کوئی اعتراض نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے بچے پاکستان آکر کیا کریں گے؟ پی ٹی آئی نے 9 مئی کو بھی سب کچھ آزما لیا، لیکن کچھ حاصل نہ ہوا۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما نیاز اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے عمران خان کو ووٹ دیا، وہی تحریک کو آگے بڑھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کسی قسم کا سمجھوتا یا ڈیل نہیں کریں گے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل علیمہ خان نے بیان دیا تھا کہ عمران خان کے بچوں نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم انہوں نے ان کی آمد کے وقت کا ذکر نہیں کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close