اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح ٹیکس نظام کو بہتر بنا کر ملکی آمدن میں اضافہ اور عام شہری پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنا ہے۔
یہ بات انہوں نے ایف بی آر کی جاری اصلاحاتی اقدامات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں وفاقی وزرا عطا اللہ تارڑ، احد خان چیمہ، اعظم نذیر تارڑ اور چیئرمین ایف بی آر سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے ایف بی آر حکام اور اصلاحاتی عمل میں شامل افسران و اہلکاروں کی کوششوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ آئندہ ہفتے تک قابل عمل اہداف اور ان کی مدت سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن سے اہداف کے حصول میں مدد ملی ہے، اب ضروری ہے کہ ایک مستقل اور پائیدار نظام کی تشکیل یقینی بنائی جائے۔ غیر رسمی معیشت کے سدباب کے لیے انفورسمنٹ کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ وزیراعظم نے ایف بی آر کے ڈیجیٹل ونگ کی از سر نو تشکیل کے لیے بھی وقت کے تعین پر زور دیا اور کہا کہ اصلاحاتی عمل کے دوران کاروباری طبقے، تاجروں اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں