کلاوڈ برسٹ کیا ہے اور کیوں ہوتا ہے؟

دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں سمندری طوفان اور غیر معمولی بارشیں معمول کا حصہ بن چکی ہیں، اور حالیہ برسوں میں عوام ایک نئی اصطلاح “کلاؤڈ برسٹ” (Cloudburst) سے متعارف ہوئے ہیں۔ پاکستان بھی ان موسمیاتی تغیرات سے شدید متاثر ہو رہا ہے، جہاں کہیں قیامت خیز گرمی ہے تو کہیں طوفانی بارشیں، گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں، سیلاب تباہی مچا رہے ہیں، اور ماحولیاتی عدم توازن بڑھتا جا رہا ہے۔

ان دنوں بالخصوص پنجاب اور خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث اب تک 150 کے قریب افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ مالی نقصان کا ابھی اندازہ نہیں لگایا جا سکا۔ ان بارشوں کے دوران عوام کے لیے “کلاؤڈ برسٹ” کی اصطلاح توجہ کا مرکز بنی ہے۔ اگرچہ اس کے لغوی معنی “بادل پھٹنا” ہیں، لیکن حقیقت میں یہ کوئی بصری مظہر نہیں ہوتا جسے آنکھوں سے دیکھا جا سکے۔

کلاؤڈ برسٹ کیا ہے؟

کلاؤڈ برسٹ ماحولیاتی تبدیلی کا ایک خطرناک اور پیچیدہ مظہر ہے۔ اس میں بادلوں سے بہت قلیل وقت میں، ایک محدود علاقے پر اس قدر شدید بارش ہوتی ہے کہ زمین اور نکاسیٔ آب کا نظام اسے برداشت نہیں کر پاتا، جس کے نتیجے میں اچانک سیلابی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے۔ اکثر اس کے ساتھ مٹی کے تودے گرنے، انفرااسٹرکچر کے تباہ ہونے اور جانی نقصان جیسے واقعات پیش آتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق کلاؤڈ برسٹ اس وقت ہوتا ہے جب پانی سے بھرپور نم ہوا تیزی سے بلندی کی طرف اٹھتی ہے — خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں، جہاں زمین کی ساخت اس عمل کو تیز کرتی ہے۔ جیسے ہی یہ ہوا بلندی پر ٹھنڈی فضا سے ٹکراتی ہے، بخارات پانی کے قطروں میں بدل جاتے ہیں، اور جب بادل ان قطروں کا بوجھ برداشت نہیں کر پاتے، تو وہ ایک دم بڑی مقدار میں برس پڑتے ہیں۔ یہ بارش عام موسلا دھار بارش سے مختلف ہوتی ہے۔

کلاؤڈ برسٹ کی تعریف

ماہرین کی رائے کے مطابق، اگر کسی مخصوص مقام پر ایک گھنٹے یا اس سے کم وقت میں 100 ملی میٹر یا اس سے زیادہ بارش ہو، تو اسے “کلاؤڈ برسٹ” کہا جاتا ہے۔ یہ عام طور پر پہاڑی علاقوں میں دیکھا جاتا ہے، تاہم حالیہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث اب میدانی علاقوں میں بھی اس طرح کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں۔ جیسے جیسے زمین کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، ویسے ویسے فضا میں نمی جذب کرنے کی صلاحیت بھی بڑھ رہی ہے — ماہرین کے مطابق درجہ حرارت میں ایک ڈگری اضافہ فضا کو 7 فیصد زیادہ نمی جذب کرنے کے قابل بناتا ہے۔

پاکستان میں کلاؤڈ برسٹ کے واقعات

پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں کلاؤڈ برسٹ کے کئی واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔ 2021 میں اسلام آباد میں ایک گھنٹے کے دوران 123 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جسے کلاؤڈ برسٹ قرار دیا گیا۔ حالیہ مہینوں میں سوات میں آنے والا اچانک سیلابی ریلہ بھی اسی مظہر سے منسوب کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close