پی ٹی آئی رہنماؤں کو “خاموشی کا حکم”، عمران خان کا سخت پیغام جیل سے جاری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے پارٹی کے اندرونی اختلافات اور بیان بازی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام رہنماؤں کو سختی سے خبردار کر دیا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف بیانات اور سوشل میڈیا پر مہمات بند کریں۔

خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے منگل کو عمران خان سے ملاقات کے بعد بتایا کہ پارٹی بانی نے رہنماؤں کو تنبیہ کی ہے کہ وہ باہمی اختلافات کو عوامی سطح پر نہ لائیں اور احتجاجی تحریک کے لیے مکمل اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ بیرسٹر سیف کے مطابق عمران خان نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ اور دیگر ذمے داروں کو احتجاجی حکمت عملی کے حوالے سے واضح اور سخت ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

عمران خان نے اپنی قید سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ مکمل تنہائی میں ہیں، نہ انہیں کتابیں دی جا رہی ہیں، نہ ہی ٹی وی یا اخبارات تک رسائی حاصل ہے — حتیٰ کہ کپڑوں تک سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی اذیت دی جا رہی ہے۔ عمران خان کا یہ سخت پیغام ایسے وقت میں آیا ہے جب پارٹی کے کئی رہنما ایک دوسرے کے خلاف کھل کر تنقید کر رہے ہیں، جس سے پارٹی کے اندرونی اختلافات مزید گہرے ہو رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close