بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر اہم پیشرفت سامنے آ گئی

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے بانی پی ٹی آئی کی 6 اور بشریٰ بی بی کی 1 درخواست پر سماعت کی، تاہم آج بھی کسی درخواست پر دلائل مکمل نہ ہو سکے۔ بشریٰ بی بی کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ بھی نہیں سنایا گیا، جب کہ بانی پی ٹی آئی کی عدم حاضری کے باعث ان کی درخواستوں پر کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔

عدالت نے گزشتہ سماعت پر ہدایت دی تھی کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کیا جائے یا ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنائی جائے، مگر اس پر عمل نہ ہونے کے سبب معاملہ آئندہ تاریخ تک مؤخر کر دیا گیا۔

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف احتجاج، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور اقدام قتل سمیت پانچ مقدمات زیر سماعت ہیں، جب کہ ان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس میں جعلی رسیدیں جمع کرانے کا ایک علیحدہ مقدمہ بھی درج ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close