اسلام آباد: برطانیہ نے پاکستانی شہریوں کے لیے ای ویزا سسٹم متعارف کرا دیا ہے،
جو برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے یا ملازمت کے خواہش مند افراد کے لیے ویزا کے حصول کے عمل کو مزید آسان اور جدید بنائے گا۔
برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، نئی ای ویزا سہولت کے تحت اب زیادہ تر پاکستانی طلبہ اور ملازمین کو پاسپورٹ پر ویزا اسٹیکر کی ضرورت نہیں رہے گی۔ یہ ڈیجیٹل نظام محفوظ، آسان اور آن لائن امیگریشن اسٹیٹس کی جانچ کے قابل ہوگا۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ یہ اقدام پاکستانی طلبہ اور ورک ویزا ہولڈرز کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا، جس کے ذریعے وہ اپنے امیگریشن اسٹیٹس کو آن لائن چیک کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ای ویزا کا اطلاق صرف ویزا کی شکل پر ہوگا، اس سے ویزا کی شرائط یا امیگریشن اسٹیٹس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
ای ویزا اسکیم کا اطلاق مختلف ویزا کیٹیگریز پر ہوگا جن میں طالبعلم، اسکلڈ ورکرز، گلوبل ٹیلنٹ، ہیلتھ اینڈ کیئر، اسپورٹس پرسن، یوتھ موبیلٹی اور کریئیٹو ورک ویزا شامل ہیں۔ ویزا ہولڈرز اب اپنا سفری دستاویز اپنے UKVI اکاؤنٹ سے منسلک کر سکیں گے، جس سے وہ ایئرپورٹ، آجر یا رہائش فراہم کرنے والے کو آسانی سے اپنا قانونی اسٹیٹس دکھا سکیں گے۔
تاہم، وزیٹر ویزا یا ڈیپینڈنٹس کے لیے ابھی بھی اسٹیکر ویزا درکار ہوگا۔ برطانوی حکام کے مطابق، ای ویزا نظام کو تمام ویزا اقسام پر مرحلہ وار لاگو کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں