پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی لاہور ریلی کے دوران نظر انداز کیے جانے پر ناراض رہنما عالیہ حمزہ نے پارٹی کے سینئر رہنما شیخ وقاص اکرم کے پیغامات لیک کر دیے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک آڈیو پیغام میں شیخ وقاص نے عالیہ حمزہ سے گلہ کیا کہ انہوں نے ان کا ذاتی پیغام سیاق و سباق کے بغیر میڈیا کو فراہم کر کے اشتعال انگیزی کی۔
آڈیو میں شیخ وقاص کا کہنا تھا کہ “آپ اس طرح کی خاتون ہیں کہ جو بات کی جائے وہ فوراً میڈیا تک پہنچ جاتی ہے۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ عالیہ نے میڈیا کو یہ نہیں بتایا کہ وہ پیغام کس سیاق میں بھیجا گیا اور کیا واقعی کوئی میٹنگ ہو رہی تھی یا نہیں۔ وقاص اکرم نے الزام لگایا کہ عالیہ حمزہ نے واٹس ایپ پر کی گئی گفتگو کو میڈیا میں اچھال کر جان بوجھ کر غلط تاثر دینے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوئی عام بات نہیں، “لوگ میڈیا کی توجہ کے لیے ایسے ہتھکنڈے اپناتے ہیں اور آپ نے بھی ایسا ہی کیا۔” وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ انہیں پہلے سے آگاہ کیا گیا تھا کہ لاہور ریلی میں صرف پارلیمانی پارٹی کے اراکین شریک ہوں گے، تاکہ اسے سیاسی جماعت کا رنگ دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے ریلی کے منتظمین نے واضح ہدایات جاری کی تھیں۔
دوسری جانب معروف اینکر منصور علی خان نے کہا کہ یہ آڈیو ان تک پی ٹی آئی کی پولیٹیکل کمیٹی کے واٹس ایپ گروپ سے پہنچی، جس میں کئی افراد شامل ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ عالیہ حمزہ کو پہلے سے اطلاع دی گئی تھی کہ وہ اس تقریب کا حصہ نہیں ہوں گی کیونکہ اس میں صرف پارلیمانی اراکین شریک ہوں گے۔
تاہم، اینکر کے مطابق بعد میں یہ بات سامنے آئی کہ کئی غیر پارلیمنٹرینز نے بھی ریلی میں شرکت کی، جس سے یہ تاثر ملا کہ عالیہ حمزہ کو دانستہ طور پر نظر انداز کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، تحریک انصاف کے اندر پچھلے کچھ ہفتوں سے عالیہ حمزہ کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی مہم جاری ہے اور اس مہم کا مرکز خیبرپختونخوا کی قیادت ہے، جو مبینہ طور پر عالیہ سے خوش نہیں اور ان کے اختیار کو محدود کرنا چاہتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں