ریاض: سعودی حکومت نے عید الفطر اور عید الاضحیٰ کی سرکاری تعطیلات کی پالیسی میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔ سرکاری جریدے “ام القریٰ” کے مطابق، کابینہ نے سابقہ فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے نئی شرائط طے کر دی ہیں۔
ترمیم شدہ پالیسی کے تحت اب عیدین پر سرکاری تعطیلات کم از کم 4 اور زیادہ سے زیادہ 5 ورکنگ ڈیز پر مشتمل ہوں گی۔ یہ ترمیم سول سروس نظام اور اس کے تحت کام کرنے والے سرکاری اداروں میں نافذ العمل ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق وہ افراد جو سول سروس نظام کے دائرہ کار میں نہیں آتے یا جن کے معاہدے وزارتوں یا اسسٹنٹ وزارتوں کے ایجنٹس کے قواعد یا استعداد کار پروگرام کے ضوابط کے تحت کیے گئے ہیں، ان پر سابقہ دفعات کا اطلاق نہیں ہوگا۔ البتہ ان معاہدہ شدہ ملازمین پر ترمیم شدہ چھٹیوں کی حد لاگو کی جائے گی۔
ترمیم میں یہ بھی شامل ہے کہ ادارے کا سربراہ 5 دن سے زائد تعطیلات کی صورت میں ریموٹ ورک کی اجازت دے سکتا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے موقع پر عام طور پر حالات کے مطابق تعطیلات کا اعلان کیا جاتا ہے، تاہم اب نئی پالیسی کے بعد ان تعطیلات کے دنوں کی حد واضح کر دی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں