ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کا سیاسی میدان میں قدم، نئی جماعت بنانے کا اعلان

لاہور: سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے، ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران ایک نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی جماعت کے باضابطہ اعلان کا وقت قریب ہے، اور یہ جماعت عوامی مسائل کو بنیاد بنا کر سیاست کرے گی۔ بھٹو جونیئر نے کہا کہ ’’روٹی، کپڑا اور مکان‘‘ کا نعرہ آج بھی زندہ ہے، لیکن موجودہ حالات میں عوام کو بجلی، گیس اور پانی کی سہولتیں بھی درکار ہیں۔ ان کا نیا نعرہ ہوگا: “جئے عوام”۔ انہوں نے موجودہ پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ زرداری گروپ نے “جئے بھٹو” جیسے عوامی نعرے کو کرپشن کی علامت بنا دیا ہے۔ کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر زمینوں پر قبضہ کی سازش ہورہی ہے۔

ذوالفقار جونیئر نے کسانوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے کسان ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اور اگر سندھ کے کسان بھی متحد ہوکر آواز اٹھائیں تو وہ اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close