لاہور ہائیکورٹ نے رات 12 بجے کے بعد ریسٹورنٹس کھولنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی سے بچاو کیلئے درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالت نے ریسٹورنٹس کی جانب سے وقت کی پابندی نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وقت کی پابندی نہ کرنے والے ریسٹورنٹس کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ریسٹورنٹ رات بارہ بجے بند ہوں گے اور خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے، ماحولیاتی تبدیلی اہم معاملہ ہے اس پر سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔
عدالتی کمیشن کے رکن نے بتایا کہ پنجاب کے 760 کالجز میں شجر کاری ہوگی، جس پر عدالت نےقرار دیا کہ نہر پر عدالت کی اجازت کے بغیر کوئی درخت نہیں کٹے گا، عدالت درخت کاٹنے والوں کیخلاف کاروائی کے بارے میں حکم جاری کرے گی۔
عدالت نے ہدایت کی کہ ہرن مینار کے قریب دھواں چھوڑنے والے بھٹے کو فوری بھاری جرمانہ کریں ۔ شیخوپورہ میں تمام بھٹہ مالکان کو آگاہ کر دیں کہ خلاف ورزی ہوئی تو بھٹہ گرا دیا جائیگا۔
بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے درخواستوں پر مزید سماعت 28 جولائی تک ملتوی کردی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں