نواز شریف کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات؟ اسحاق ڈار نے حقیقت بتا دی

نواز شریف کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات؟ اسحاق ڈار نے حقیقت بتا دی۔۔۔۔۔۔۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی باتیں قیاس آرائیاں ہیں۔

لاہور میں داتا دربار پر میڈیا سے گفتگو کے دوران اسحاق ڈار سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا نواز شریف اڈیالا جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے جا رہے ہیں؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ صرف قیاس آرائیاں ہیں، یہ ملاقات کسی کی خواہش تو ہو سکتی ہے لیکن ہمیں کسی کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، خود اسپانسرڈ قسم کی خبریں پھیلائی جاتی ہیں، ہم تمام سیاسی جماعتوں سے مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں چاہے وہ حکومت کا حصہ ہوں یا اپوزیشن کا، ہمارا ایجنڈا تو معاشی ترقی کا ہے، مہنگائی میں بے پناہ کمی آئی ہے، حکومت عوامی فلاح کے منصوبے بنا رہی ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہماری اہم اتحادی ہے، پیپلز پارٹی مشکل وقت کی ساتھی ہے، اچھے وقت میں چھوڑیں گے نہیں، پیپلز پارٹی ہماری اتحادی ہے اور رہے گی، اس کی سپورٹ کے بغیر حکومت بنانا ممکن نہیں تھا، پیپلز پارٹی نے وزارتیں لینے کی کوئی بات نہیں کی۔

اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ جب پاکستان پر حملہ ہوا تو اپوزیشن سمیت تمام جماعتوں کو انگیج کیا، اس کے نتیجے میں دنیا نے پاکستانیوں کی متحد آواز سنی، پاکستان پر حملے کے وقت حکومتی جماعت اور اپوزیشن جماعت کا فرق نہیں تھا، یہ ایک مثالی تجربہ ہوا، اس کا یہ مطلب نہیں کہ قانون اور آئین کو ہم ایک طرف رکھ دیں، کسی ایک صوبے میں نہیں جہاں بھی کرپشن ہو اس کو ختم کرنے کے لیے قانون کو حرکت میں آنا چاہیے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، بھارت کی جارحیت کیخلاف سرخرو ہوا، دنیا نے بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستان کے کردار کو سراہا، جنگ لڑنے کی ہماری کبھی خواہش نہیں رہی، بھارت کو جنگ میں شکست ہوئی، بھارت کے 6 طیارے مار گرائے، پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو سبق سیکھایا، پاکستان کے ہاتھوں بھارت اپنی شکست کو ہمیشہ یاد رکھے گا، سول و عسکری قیادت نے ملک کا بہترین دفاع کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا صدر منتخب ہوا، ایران پر اسرائیلی حملے کی بھرپور مذمت کی۔ اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ داتا گنج بخش عرس کیلئے بہترین انتظامات کیے ہیں، زائرین کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close