معروف بھارتی یوٹیوبر، پوڈکاسٹر اور موٹیویشنل اسپیکر رنویر الہ آبادیہ جنہیں ان کے مداح ’بیئر بائسپس‘ کے نام سے جانتے ہیں، اُن کو حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر اس وقت شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے پاکستان کے عوام سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ایک انسٹاگرام پوسٹ شیئر کی۔
رنویر کی جانب سے پاکستان سے متعلق جذباتی پیغام نے جہاں کچھ صارفین کو متاثر کیا وہیں بڑی تعداد میں بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے اسے ’قومی مفادات‘ کے منافی قرار دیا۔ بعدازاں رنویر نے مذکورہ پوسٹ حذف کر دی مگر اس کے اسکرین شاٹس وائرل ہو چکے تھے جن پر ردعمل کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
اپنی پوسٹ میں رنویر نے پاکستانی عوام سے براہِ راست مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ پاکستانی بھائیوں اور بہنوں مجھے علم ہے کہ اس پوسٹ پر مجھے بھارت میں تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا مگر میں دل سے کہنا چاہتا ہوں کہ میرے دل میں آپ کے لیے کوئی نفرت نہیں ہے۔ ہم میں سے بہت سے لوگ امن چاہتے ہیں اور جب بھی ہم پاکستانیوں سے ملتے ہیں، آپ محبت سے پیش آتے ہیں۔
تاہم رنویر نے اگلی سطور میں پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ خاص طور پر فوج اور انٹیلی جنس اداروں پر سخت الزامات بھی عائد کیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی حکومت نہیں بلکہ فوج اور ایجنسیاں ملک چلا رہی ہیں اور یہی ادارے خطے میں کشیدگی کا سبب ہیں۔
بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے رنویر کی پوسٹ کو اپنی افواج کی توہین قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ یہ ہماری بہادر افواج کی توہین ہے، تمہیں شرم آنی چاہیے۔ایک اور صارف نے رنویر کے ماضی کے متنازع بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کبھی نہیں سدھرے گا رنویر۔
شدید دباؤ کے بعد رنویر نے پوسٹ ڈیلیٹ کرتے ہوئے ایک وضاحتی ویڈیو جاری کی۔ ویڈیو میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر نہ لیا جائے اور سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں نہ پھیلائی جائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں