آپریشن بُنيان مرصوص کی کامیابی، ملک بھر میں جشن

آپریشن بُنيان مرصوص کی کامیابی، ملک بھر میں جشن۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کے آپریشن بُنيان مَرصوص کی کامیابی کے بعد ملک بھر میں شہری جشن منانے سڑکوں پر نکل آئے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔

بھارت کا غرورخاک میں ملنے پر ملک کے ہر گلی کوچے میں جشن اور ڈھول کے تھاپ پربھنگڑے ڈالےگئے، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ فضا پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی پاکستانی عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور فتح کا جشن منایا، اس موقع پر شہریوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔کراچی میں بھی مختلف مقامات پر مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور شہریوں نے پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ شہریوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کو خوش آئند اور پاک فوج کی جیت قرار دیا۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ ہم امن چاہتے ہیں لیکن جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا بھی جانتے ہیں۔زندہ دلان لاہور بھی سڑکوں پر نکل آئے، مٹھائیاں تقسیم کیں اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔ شہریوں نے جگہ جگہ فتح کا جشن منایا۔سول سوسائٹی نے استنبول چوک سے پنجاب اسمبلی تک فتح ریلی نکالی اور پاک فوج کو بھرپورخراج تحسین پیش کیا۔شہریوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے جنگ کو اعصاب پر مسلط نہیں ہونے دیا، بھارت کے ساتھ کشیدگی کے باوجودکاروبار زندگی معمول کے مطابق چلتا رہا۔

کوئٹہ کے شہریوں نے بھی پاک فوج کی کامیابی پر مٹھائیاں تقسیم کی اور جشن منایا۔کوئٹہ کے شہریوں نے بھارت کے خلاف آپریشن بُنيان مَرصوص کی کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جس پر وہ سیز فائرکرنے پر مجبور ہوا۔ملتان میں بھی عوام کی بڑی تعداد ائیرپورٹ چوک پر جمع ہوئی اور پاک فوج کی ٹیکٹیکل فتح پر مٹھائی تقسیم کر کے خوشی کا اظہار کیا۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ ہم بھارت سے جنگ نہیں چاہتے لیکن ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔سیالکوٹ میں شہریوں نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بارڈر سے آنے والے پاک فوج کے ٹینکوں اور اہلکاروں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔پاکستان کا جھنڈا اٹھائے شہریوں نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ شہریوں نے ٹینکوں پر موجود پاک فوج کے جوانوں کو گلدستہ بھی پیش کیا۔پاک فوج کے جوانوں کی جانب سے بھی پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر شہریوں کی محبت کا جواب دیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close