امن ہماری خواہش ہے کمزوری نہیں، رمیش سنگھ اروڑا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ لاہور : پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کی سکھ برادری بھارت کیخلاف اور پاکستان کے ساتھ ہے۔
اپنے ایک بیان میں سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ بھارت نے امرتسر اور گولڈن ٹیمپل پر بھی فالس فلیگ آپریشن کیا، بھارت نےخواتین اوربچوں کو نشانہ بنایا، معصوم بچوں کا لہو پوچھتا ہے ہم کس سے انصاف لیں، بھارت سکھ مسلم دوستی کو خراب کرنا چاہتا ہے۔سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ پاکستان نے بھارت میں سکھوں کے کسی مذہبی مقام پر حملہ نہیں کیا، یہاں تمام اقلیتوں کے حقوق کا بھرپور خیال رکھا جاتا ہے، دنیا بھر کے سکھوں کو مکمل یقین ہے پاکستان ان کے مذہبی مقامات پرکبھی حملہ نہیں کر سکتا۔
انھوں نے مزید کہا کہ بھارت میں بسنے والی اقلیتیں خود کو محفوظ نہیں سمجھتیں، آج بھارت کے اندر مسیحی، کشمیری، سکھ، مسلمان سب پریشان ہیں، امن ہماری خواہش ہے کمزوری نہیں، آج بھی کرتار پور کے دروازے کھلے ہیں اور سکھ یاتریوں کا ویزا ختم نہیں کیا جائے گا۔یاد رہے کہ چند روز قبل خالصتان تحریک کے مرکزی رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے بھی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا اگر بھارت نے پاکستان پر پنجاب سے حملہ کیا پنجاب کے سکھ بھارت کے خلاف فرنٹ لائن ثابت ہوں گے اور پاک فوج کا ساتھ دیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں