بشریٰ بی بی نے عدالت سے رجوع کر لیا

اسلام آباد: عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل میں بہتر سہولیات کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں وفاق کو بذریعہ سیکرٹری داخلہ، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور چیف کمشنر اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی اگست 2018 سے اپریل 2022 تک خاتون اول رہیں، وزیراعظم ہاؤس کی رہائشی تھیں، بشریٰ بی بی اپنی بہتر معیار زندگی کی وجہ سےقانون کے مطابق بہترسہولیات کی حقدار ہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی نے بہتر سہولیات کے لیے جیل حکام کو متعدد بار درخواست دی، سپرنٹنڈنٹ جیل کو کہا کہ وہ جیل میں بہتر کلاس کی حقدار ہونے کا تعین کریں مگر ایک نہ سنی گئی جب کہ بشریٰ بی بی کے شوہر بانی پی ٹی آئی کو اسی جیل میں بہتر سہولیات کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ فریقین کو اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ہدایت کی جائے، جیل رولز 1978 کے تحت بشریٰ بی بی کو بہتر سہولیات کی فراہمی کا حکم دیا جائے۔واضح رہے کہ بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں 7 سال قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close