حکومت کا قسطوں پر موبائل فون دینے کا منصوبہ ایک بار پھر تعطل کا شکار

ویب ڈیسک(پی این آئی)سیلولر موبائل آپریٹرز (سی ایم اوز) کے درمیان اختلافات کی وجہ سے حکومت کا قسطوں پر موبائل فون فراہم کرنے کا منصوبہ ایک بار پھر تعطل کا شکار ہوگیا۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے اس پالیسی کو حتمی شکل دے دی ہے اور اسے موبائل آپریٹرز کے ساتھ شیئر کیا ہے لیکن نادہندگان کے سم کارڈز کو بلاک کرنے پر ایک بڑا تنازع برقرار ہے۔وزارت کے مطابق چاروں سی ایم اوز پر زور دیا گیا ہے کہ وہ آگے بڑھنے سے پہلے اس معاملے پر اتفاق رائے تک پہنچیں۔وزارت کا کہنا ہے کہ پالیسی کو نافذ کرنے میں بنیادی چیلنج نادہندگان سے نمٹنے کے بارے میں اتفاق رائے کا فقدان ہے۔ سم کارڈز بلاک کرنے کا مجوزہ حل زیر بحث واحد آپشن ہے جبکہ نادہندگان کے قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کو بلاک کرنے پر کبھی غور نہیں کیا گیا۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے واضح اتفاق رائے کے بغیر یہ پالیسی تعطل کا شکار ہے۔

عام انتخابات کے بعد نظر ثانی شدہ پالیسی نئی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کو پیش کی گئی۔ اس کے بعد ایک نیا مسودہ تیار کیا گیا اور بینکوں، فن ٹیک کمپنیوں اور سی ایم اوز سمیت اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کیا گیا۔ اگرچہ کچھ موبائل آپریٹرز سم بلاک کرنے کی تجویز کی حمایت کرتے ہیں جبکہ دیگر اس کی مخالفت کرتے ہیں۔حکام اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اہم رکاوٹ قسطوں پر اسمارٹ فونز کی فراہمی نہیں بلکہ نادہندگان کے خلاف نفاذ کا طریقہ کار ہے جس کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے واضح پالیسی ہدایات درکار ہیں۔

قسط پر مبنی موبائل فون اقدام کا مقصد مالی طور پر مجبور شہریوں کے لیے ڈیجیٹل رسائی کو بڑھانا ہے تاکہ وہ بلا سود اقساط کے منصوبوں کے ذریعے اسمارٹ فون حاصل کرسکیں۔ تاہم اسکیم کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنے کے ساتھ ساتھ ادائیگی کی ذمہ داریوں کی تعمیل کو یقینی بنانے میں چیلنج برقرار ہے۔ توقع ہے کہ پی ٹی اے اس پالیسی کی منظوری کے بعد اس کے نفاذ میں مرکزی کردار ادا کرے گا، پالیسی کو حتمی شکل دینے کی صورت میں ڈیوائس آئیڈینٹیفیکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) کو نادہندگان کے موبائل فون بلاک کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close