سینئر سیاستدان انتقال کر گئے

ویب ڈیسک(پی این آئی) سینئر سیاستدان حافظ حسین احمد انتقال کر گئے، وہ گزشتہ کچھ عرصہ سے کافی علیل تھے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق سینئر سیاستدان حافظ حسین احمد گردوں کے مرض میں مبتلا تھے، حافظ حسین احمد کا تعلق جمعیت علمائے اسلام ف سے تھا۔مرحوم کی نماز جنازہ کے وقت اور مقام سے متعلق بعد میں اعلان کیا جائے گا۔

حافظ حسین احمد کون ہیں؟

حافظ حسین احمد 1951 میں کوئٹہ میں پیدا ہوئے تھے۔ حافظ حسین احمد نے قرآن و حدیث، فقہ اور عربی ادب میں تعلیم حاصل کی تھی، درسِ نظامی اور حفظِ قرآن کی اسناد حاصل کر رکھی تھیں۔ وہ زمانہ طالب علمی سے ہی جے یو آئی کی طلبہ تنظیم کا حصہ رہے۔ وہ جے یو آئی کے بنیادی اراکین میں سمجھے جاتے تھے۔ انہوں نے 1973میں جے یو آئی سے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا۔گذشتہ 35سال سے وہ پارلیمانی سیاست کا حصہ بنے رہے۔ جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل، نائب صدرات سمیت مرکزی ترجمان کا عہدہ بھی ان کے پاس رہا۔ مجلس شوری کے بھی اہم رکن رہے ہیں۔

حافظ حسین احمد 2002 تا 2007 اور 1988 تا 1990 تک قومی اسمبلی کے ممبر رہ چکے ہیں ۔سینئر سیاستدان حافظ حسین احمد مارچ 1991 سے مارچ 1994 تک سینیٹ کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ان کے والد مولانا عرض محمد ایک معروف عالم، سیاستدان اور ریاست قلات کے دور میں پارلیمان کے رکن تھے۔ جب 2020 میں اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم بنائی گئی تو انہوں نے نواز شریف سے اتحاد پر پارٹی قیادت پر بھی تنقید کی جس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے انہیں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے عہدے سے ہٹا دیا اور رکنیت بھی ختم کر دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close