سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے بری خبر آئی ہے، وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ اضافے کی تجویز زیر غور نہیں ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت خزانہ نے قومی اسمبلی کو سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے سوال پر تحریری جواب دیا، جس میں وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب کی جانب سے سرکاری ملازمین کے لیے بری خبر دی گئی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی تجویز زیر غور نہیں ہے، ملازمین کے الاؤنسز اور پے سکیل پر نظر ثانی کی تجویز بھی زیر غور نہیں۔وزیر خزانہ نے کہا ملازمین کے لیے ہائرنگ اور سیلنگ کی حد بڑھانے کا معاملہ زیر غور ہے، وفاقی سرکاری ملازمین کی پنشن میں بھی اضافے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب اور کے پی کی صوبائی حکومتوں نے ملازمین کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے عید سے قبل تنخواہ اور پنشن ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں خیبرپختونخوا حکومت نے متعلقہ محکموں کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے عید کی تعطیلات کے پیش نظر تنخواہیں اور پنشن یکم اپریل کے بجائے 20 مارچ کو ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پنجاب حکومت نے بھی تمام ملازمین کو عید الفطر سے قبل تنخواہیں اور پنشن ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں