واشنگٹن (پی این آئی) امریکہ کی سفری پابندیوں سے بچنے کیلئے پاکستان کو 2 ماہ کی مہلت ملنے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔
امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکہ پاکستان کو سکیورٹی خدشات دور کرنے اور ممکنہ سفری پابندیوں کو روکنے کے لیے 60 دن کی مہلت دے سکتا ہے، اس تجویز کے لیک ہونے والے مسودے سے پتا چلتا ہے کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ میں نہیں رکھا جائے گا جو ان ممالک کے لیے مخصوص ہے جنہیں مکمل امریکی سفری پابندی کا سامنا کرنا ہوگا، واشنگٹن میں سفارتی ذرائع پاکستان کو سخت ترین پابندیوں سے بچنے میں مدد دینے کا سہرا اسلام آباد کی جانب سے امریکہ کے ساتھ انسداد دہشت گردی تعاون کی تجدید کو دیتے ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مکمل پابندی کے بجائے پاکستان کو انٹرمیڈیٹ لسٹ میں رکھا جا سکتا ہے، تاہم ذرائع اس کی درجہ بندی پر منقسم ہیں، اگر پاکستان 2 ماہ کے اندر سکیورٹی تعاون کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات نہیں کرتا تو پاکستان کو 25 دیگر ممالک کے ساتھ ’یلو لسٹ‘ میں رکھا جا سکتا ہے، جسے امریکی ویزہ کے اجراء کی جزوی معطلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، بیلاروس اور ترکمانستان جیسے ممالک بھی اس زمرے میں شامل ہیں تاہم نیویارک ٹائمز نے ایک مسودہ تجویز کا حوالہ دیا ہے، جس میں پاکستان کو ان 10 ممالک کی ’اورنج لسٹ‘ میں شامل کیا گیا ہے جہاں سفری پابندیاں لاگو ہوں گی لیکن مکمل طور پر ختم نہیں ہوں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں