آرمی چیف نے دہشتگردوں کو واضح پیغام دیدیا

اسلام آباد(پی این آئی) چیف آف آرمی اسٹاف ( سی او اے ایس ) جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے امن و استحکام کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار نے بنوں چھاؤنی پر خوارج کے ناکام دہشت گرد حملے کے بعد خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔دورے کے دوران جنرل عاصم منیر کو جاری آپریشنز اور علاقے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) بنوں کا بھی دورہ کیا اور زخمی فوجیوں کی خیریت دریافت کی، ان کی غیر متزلزل لگن کا اعتراف کیا۔

سپہ سالار نے فوجیوں کے بلند حوصلے اور ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے اعادہ کیا کہ پاک فوج ریاست کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گردی کے خلاف کردار ادا کرتی رہے گی۔آرمی چیف نے دہشت گردی کے گھناؤنے اور بزدلانہ واقعے میں جانیں گنوانے والے معصوم شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ واقعہ کے مجرموں کو بہادر فوجیوں نے فوری طور پر بے اثر کر دیا، اس گھناؤنے حملے کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، چاہے وہ کہیں بھی ہوں۔

جنرل عاصم منیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی اتحاد ناگزیر ہے اور یقین دلایا کہ مسلح افواج پاکستان کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔دورے کے دوران فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے سپہ سالار نے حملہ آوروں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں سکیورٹی فورسز کے تیز اور فیصلہ کن ردعمل کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے بہادرانہ اقدامات کو سراہا۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے امن و استحکام کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close