روزے میں منہ سے بدبو آنا ایک عام مسئلہ ہے، اور خالی پیٹ یہ مسئلہ مزید بڑھ جاتا ہے۔ خاص طور پر رمضان کے دوران، روزہ کی حالت میں بارہ گھنٹے بھوکے پیاسے رہنے سے منہ سے بدبو آنا عام ہے۔
حکیم شاہ نذیر اور ڈاکٹر علی نور نے اپنے مفید مشورے شیئر کیے ہیں، تاکہ اس مسئلے سے نجات حاصل کی جا سکے اور رمضان کے دوران صحت مند رہنے کے طریقے اپنائے جا سکیں۔
حکیم شاہ نذیر نے کہا کہ منہ سے بدبو آنے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، جن میں قبض، دانتوں میں درد، مسوڑھوں کی سوجن، اور ناک بند ہونے کی صورت میں ریشہ گرنا شامل ہیں۔
حکیم شاہ نذیر نے مزید کہا کہ، اگر روزہ میں منہ سے شدید بدبو آ رہی ہو، تو اس کاایک مؤثر نسخہ یہ ہے کہ پچاس گرام دھنیا مغز اور مصری پچاس گرام ملا کر پاؤڈر بنا لیں۔ اس پاؤڈر کا ایک چائے کا چمچ افطاری کے بعد، دوسرا تراویح کے بعد اور تیسرا سحری کے بعد کھائیں۔ اس نسخے سے پورے دن منہ سے بدبو نہیں آئے گی اور یہ پیٹ کے نظام کو بھی بہتر رکھے گا۔
ماڈرن سائنس کے حوالے سے ڈاکٹر علی نور نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان میں منہ کی خشکی اور بدبو کا سبب ”زیرو اسٹومیا“ ہوتا ہے، جو اس وقت ہوتا ہے جب منہ میں لعاب کی پیداوار کم ہو جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ، اس کے علاوہ سحر اور افطار میں زیادہ کیفین اور کاربونیٹڈ مشروبات، جیسے چائے اور کافی ، مشروبات کے زیادہ استعمال کی وجہ سے بھی منہ کی خشکی بڑھ جاتی ہے۔ جتنا ممکن ہو، پانی میں اگنے والی سبزیاں جیسے کھیرہ اور سلاد زیادہ کھائیں اور ہائی فائبر والی غذائیں لیں تاکہ منہ کی بدبو سے بچا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں