مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کا آغاز 5 مارچ سے ہوگا اور مقررہ تعداد مکمل ہونے تک اعتکاف کی رجسٹریشن کا عمل جاری رہے گا۔
دی اسلامک انفارمیشن کی ویب سائٹ پر دی گئی تفصیلات کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امور کی دیکھ بھال کرنے والی جنرل اتھارٹی نے رمضان المبارک 2025 کے دوران دونوں مقدس مساجد میں اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کھولنے کا اعلان کردیا۔
دونوں مقدس مساجد کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مقررہ تعداد مکمل ہونے تک اعتکاف کی رجسٹریشن کا یہ عمل جاری رہے گا۔انتظامیہ کے مطابق ماہ صیام 2025 میں دونوں مقدس مساجد میں اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے والے خواہشمند حضرات 5 مارچ کو دن 11 بجے سے اتھارٹی پورٹل پرکوائف رجسٹرکراسکتے ہیں۔
رجسٹریشن کی تفصیلات
رجسٹریشن کا آغاز: بدھ 5 رمضان 1446(5 مارچ 2025) صبح 11:00 بجے
رجسٹریشن کا اختتام: گنجائش ختم ہونے یا مقررہ تعداد مکمل ہونے تک یا پھر 20 رمضان 1446 (20 مارچ 2025) رات 12:00 بجے تک
مزید بتایا گیا کہ جنرل اتھارٹی نے اعتکاف رجسٹریشن کے لیے استعمال ہونے والی وزیٹر ایپ کو اپ ڈیٹ کر دیا ہے جس کے تحت اب صرف سعودی شہریوں اور اقامہ ہولڈرز کو رسائی دی گئی ہے۔اس کا مطلب یہ ہوا کہ بین الاقوامی زائرین اور عازمین حج سعودی رہائشی اجازت نامے (اقامہ) کے بغیر اب ان دونوں مقدس مساجد میں اعتکاف کے لیے اندراج نہیں کرسکیں گے۔
اپ ڈیٹ کردہ ایپ میں صارفین کو اپنے سعودی قومی شناختی کارڈ یا اقامہ نمبر کے ساتھ لاگ ان کرنا ہوگا، یعنی سعودیہ کے غیر رہائشی شہریوں کو اس روحانی عمل میں شرکت کا موقع نہیں ملے گا۔یہ اقدام اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ اتھارٹی کی پالیسیوں کے مطابق محدود اعتکاف کی گنجائش اہل شرکا کے لئے مخصوص ہے۔
اعتکاف ایک روحانی عمل ہے جس میں دنیا بھر سے مسلمان ماہ صیام کے آخری عشرے میں مسجد میں بیٹھ کر اپنا وقت عبادت، تلاوت قرآن اور دعا کے لیے وقف کرتے ہیں۔سب سے بڑھ کر، یہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے اور اعتکاف میں بیٹھنے کا خاص مقصد لیلتہ القدر کی تلاش ہے جس کے ملنے کا امکان رمضان المبارک کے آخری عشرے اور پھر اس میں بھی طاق راتوں میں زیادہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں