2029ء میں کون وزیرِاعظم ہو گا؟ بڑا دعویٰ سامنے آگیا

حیدرآباد(پی این آئی) سندھ کے صوبائی وزیر برائے توانائی، پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ سندھ ناصر شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ 2029ء میں ملک کے وزیرِاعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔

حیدرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کم یونٹس کے استعمال والوں کو مفت بجلی فراہمی کا بلاول بھٹو کا وعدہ تھا، سندھ حکومت کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن ‘غریبوں کو مفت بجلی کی فراہمی’ کے تحت صوبے کے مستحق صارفین کو سولر ہوم سسٹم فراہم کیے جا رہے ہیں، ورلڈ بینک کے تعاون سے سولر سسٹم تقسیم کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے سولر سسٹم شفافیت کی بنیاد پر میرٹ پر دیے جا رہے ہیں، کوہستان اور کچے کے علاقوں میں بھی فری ہوم سولر سسٹم دے رہے ہیں، سولر پارکس اور ہائبرڈ پارکس بنائے جا رہے ہیں، بجلی پیدا کر کے نیشنل سسٹم میں جائے گی، اس کے علاوہ 21 لاکھ گھر دسمبر 2025ء تک مکمل کرکے انہیں مالکانہ حقوق دیئے جائیں گے، عوامی خدمت کے باعث سندھ میں 2018ء اور 2024ء میں پیپلز پارٹی کو پہلے سے زیادہ نشستیں ملیں۔

اسی طرح آزاد ریاست جموں وکشمیر کے وزیر ماحولیات عامر عبدالغفار لون کا بھی کہنا ہے کہ ملک کو نوجوان قیادت کی ضرورت ہے، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ملک کے اگلے وزیراعظم ہوں گے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو غریب اور متوسط طبقے کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی ہے، پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود اور خدمت کو ترجیح دیتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی عوامی، پارلیمانی اور جمہوری سیاسی جماعت ہے اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی طاقت کے ذریعے الیکشن جیتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close