لاہور(پی این آئی) رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے ملک بھر میں ایک ہی روز روزہ رکھنے کی نوید سنا دی،ملک بھرمیں ایک ہی روزرمضان المبارک کے آغازکی تیاریاں کی جارہی ہیں، کامیاب کوششوں سے ایک ہی دن روزہ اورعید کرنے کی روایت برقراررکھیں گے۔
سماء نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولاناعبدالخیر آزاد کا کہنا تھا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ملک بھرمیں ایک ہی دن روزہ رکھاجائے اورملک بھر میں ایک ہی روز فرزندان اسلام روزہ رکھیں گے ۔رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کےلئے پشاور میں اجلاس ہوگا۔ملک بھر میں ایک ہی روز روزہ اورعید کیلئے کامیاب کوشش پرخوشی ہوتی ہے۔ قبل ازیں سپارکو نے پاکستان میں رمضان المبارک 2 مارچ 2025 سے شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا۔اسپیس اینڈ اَپر ایٹماسفئیر ریسرچ کمیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شوال کا چاند 30 مارچ کو متوقع ہے اور عیدالفطر 31 مارچ کو ہوسکتی تھی۔
سپارکو کے ترجمان نے یہ وضاحت بھی کی تھی کہ رمضان کے چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کے پاس تھا۔ سپارکو کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ رمضان المبارک کا چاند 28 فروری 2025 کو شام 5 بج کر 45 منٹ پر پیدا ہوگا اور 28 فروری کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے ہوگی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں رمضان المبارک یکم مارچ سے شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے وزارت مذہبی امور کی جانب سے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 28 فروری کو پشاور میں طلب کیا گیا تھا۔جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیاتھا۔وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ رمضان المبارک 1446 ہجری کے چاند کے حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد کیا جائیگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں