لاہور(پی این آئی)پاکستان میں ہونے والے ایک حالیہ سروے کے مطابق نوجوانوں کا فوج پر اعتماد 2024 کے مقابلے میں 2025 میں مزید بڑھ گیا ہے۔
یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے تازہ سروے نتائج کے مطابق فوج کی ریٹنگ 2.57 سے بڑھ کر 2.78 ہو گئی، جو تمام اداروں میں سب سے زیادہ بہتر ہے۔عدالتوں کی مقبولیت 2.15 سے 2.2 تک پہنچ گئی۔ الیکشن کمیشن کی ساکھ میں بھی 1.9 سے 2.04 تک اضافہ ہوا۔میڈیا کی ساکھ میں معمولی کمی، 2.51 سے گھٹ کر 2.46 ہو گئی۔ پولیس سے متعلق نوجوانوں کی رائے میں کمی 2.11 سے کم ہو کر 2.04 پر آ گئی۔
نوجوانوں کے مختلف اداروں پر اعتماد میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا ۔ 2024 کے مقابلے میں 2025 میں فوج، عدالتوں، الیکشن کمیشن، مقامی حکومت، سول سروس، پارلیمنٹ اور سیاستدانوں کی ساکھ میں بہتری آئی ہے جبکہ میڈیا اور پولیس کے حوالے سے نوجوانوں کی رائے مزید منفی ہو گئی ہے۔ 2024 میں فوج کے بارے میں مثبت رائے 27 فیصد تھی جو 2025 میں بڑھ کر 32 فیصد ہو گئی۔منفی رائے رکھنے والوں کا تناسب 43 فیصد سے کم ہو کر 39 فیصد پر آ گیا۔ عوام کی نیوٹرل رائے تقریباً برقرار رہی، جبکہ غیر یقینی کا تناسب بھی کم ہوا۔
رواں سال میڈ یا کے بارے میں21 فیصد، عدالتوں کے بارے میں 17فیصد، الیکشن کمیشن کے بارے میں 16فیصد، پارلیمنٹ کے بارے میں15 فیصد جبکہ پولیس کے بارے میں13 فیصد نوجوانوں کی مثبت رائے رہی۔اسی طرح گزشتہ سال میڈیا کے بارے میں 22فیصد، عدالتوں کے بارے میں 14فیصد ، الیکشن کمیشن کے بارے میں 12فیصد، پارلیمنٹ کے بارے میں 11فیصد جبکہ پولیس کے بارے میں14فیصد نوجوانوں کی مثبت رائے تھی ۔
سروے میں نوجوانوں نے مجموعی طور پر بھی گزشتہ سال کی نسبت رواں سال ملکی اداروں پر زیادہ بھروسے کا اظہار کیا، گزشتہ سال 9فیصد نوجوانوں نے اداروں پر بھروسے کا اظہار کیا تھا جبکہ 55فیصد لوگوں نے کچھ کم یا پھر بالکل بھی اداروں پر بھروسے کا اظہار نہیں کیا تھا جبکہ رواں سال 14فیصد لوگوں نے اداروں پر بھروسے کا اظہار کیا ہے جبکہ57فیصد لوگوں نے کچھ کم یا پھر بالکل بھی اداروں پر بھروسے کا اظہار نہیں کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں