بڑی تحریک کا اعلان

لاہور (پی این آئی )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کو بہت وقت دے دیا، رمضان کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی اور آئی پی پیز کے خلاف بڑی تحریک کا آغاز کریں گے۔

حکمران اتنے گرچکے آئی ایم ایف کو اعلیٰ عدالت تک بھی پہنچ فراہم کردی، قوم کی خودمختاری اور آزادی کا اس سے بڑھ کر کیا سودا ہوگا؟ ملک کا المیہ کہ یہاں سیاست، عدالت اور صحافت پر مکمل کنٹرول قائم ہوچکا ہے، مرضی کے نتائج کے لیے طاقت کا استعمال ہوتا ہے، اس اپروچ سے ملک آگے نہیں بڑھے گا۔فیک نیوز کا معاملہ زیربحث، فیک پارلیمنٹ اور فیک حکومت کے بارے میں کوئی بات نہیں کرتا، سب سے بڑا جرم عوامی رائے غصب کرکے مسلط ہونا ہے، فیک نیوز کے نام پر پیکا ایکٹ آگیا، فیک حکمرانوں اور انہیں مسلط کرنے والوں کے خلاف کس ایکٹ کے تحت کاروائی ہوگی؟ پیکا قانون آزادی اظہار رائے پر حملہ، اسے ختم کیا جائے، صحافیوں کی جدوجہد کے ساتھ ہیں۔

کے پی میں شدید بدامنی ہے، کرم میں کانوائے پر حملہ کی مذمت کرتے ہیں، سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس ہے، صوبہ میں امن کا قیام وفاقی و صوبائی حکومتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اراکین پارلیمنٹ تنخواہوں میں اضافہ کے لیے یک جان ہوگئے، ملکی سلامتی کے امور پر ایک دوسرے کے ساتھ کیوں نہیں بیٹھ سکتے؟ پاکستان، افغانستان جھگڑے میں دونوں ممالک کا نقصان، دشمن فائدہ اٹھائیں گے، اسلام آباد اور کابل بامعنی مذاکرات کریں، افغان سرزمین کسی صورت پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close