ملک گیر مقابلے کا اعلان،انعام ایک لاکھ روپے،تفصیلات جانیں

 

پاکستان میں خلائی تحقیق کے ادارے اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ملک کے پہلے چاند مشن کا نام تجویز کرنے پر ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا۔

پاکستان خلائی تحقیق میں اہم سنگ میل عبور کرنے جارہا ہے، ملک کا پہلا چاند روور مشن 2028 میں روانہ ہوگا۔سپارکو نے پاکستان کے پہلے چاند روور مشن کا نام رکھنے کے لیے ملک گیر مقابلے کا اعلان کر دیا، عوام کو ملک کے پہلے چاند مشن کا نام تجویز کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے فاتح کو ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال مئی میں چین کے خلائی مشن ’چینگ ای 6‘ کے ساتھ پاکستان کا سیٹلائٹ ’آئی کیوب قمر‘ چاند کے گرد چکر لگانے کے لیے روانہ ہوا تھا۔سیٹلائٹ چین کے شہر ہینان کے وینچینگ خلائی سینٹر سے روانہ ہوا تھا، جس کے بعد پاکستان چاند کے مدار میں سیٹلائٹ بھیجنے والا چھٹا ملک بن گیا ہے۔

سیٹلائٹ آئی کیوب قمر 3 مئی کو2 بجکر 27 منٹ پر روانہ ہوا تھا جسے چینی میڈیا اور انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ پر براہ راست نشر کیا گیا تھا۔مشن کی روانگی پر سپارکو میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، سپارکو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر تالیوں سے گونج اٹھا، لوگوں نے نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے تھے۔

’آئی کیوب قمر‘ کو انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی نے چین کی شنگھائی یونیورسٹی اور ’سپارکو‘ کے تعاون سے ڈیزائن اور تیار کیا تھا۔یہ دنیا کا پہلا مشن ہے جو چاند کی دوسری طرف سے نمونے حاصل کرے گا، پاکستانی سیٹلائٹ ’آئی کیوب قمر‘ دو آپٹیکل کیمروں سے لیس ہے جو چاند کی سطح کی تصاویر لینے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close