وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کا خواب ہے کہ پاکستانی عزت کی زندگی گزاریں۔
اسلام آباد میں سالانہ ٹیکنیکل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب نوجوان میں خود اعتمادی ہو گی کہ ’وہ کر سکتا ہے‘ تو ملک ترقی کرے گا۔ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا ہے کہ 10 سال کے بعد 40 نئے آف شور بلاکس اور31 آن شور بلاکس کا اعلان کیا گیا ہے، ایک بہت بڑا حصہ ابھی تک دریافت نہیں ہوا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بزنس کے لیے اوپن ہے، بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے ان بلاکس میں انوسٹمنٹ کے بہترین مواقع ہیں، ہم سرمایہ کاروں کے لیے تمام سہولتیں فراہم کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ شیل اور ٹائٹ گیس کے ذخائر موجود ہیں، ڈی ریگولیشن کی پالیسی لا رہے ہیں، پرائس کیپ کے ساتھ آئل سیکٹر اوپن کرنے کی پالیسی لا رہے ہیں، ایک بار ٹیکنالوجی لے کر آنا کافی نہیں، مسلسل انوویشن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئل سیکٹر کو جدید ٹیکنالوجی پر شفٹ کرنا ہوگا، اعتماد پیدا کریں کہ ہم ایک قوم ہیں، لڑائی جھگڑے کے بجائے ترقی پر توجہ ہونی چاہیے، غریب کے لیے توانائی کی قیمت کم کرنا اس وقت ہمارا فوکس ہے۔
مصدق ملک کا یہ بھی کہنا ہے کہ ماحول پر توانائی کے اثرات کے لیے بھی کام کر رہے ہیں، توانائی کے مقامی وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں، الیکٹریفیکیشن پر اس وقت بہت کام کر رہے ہیں، سرکار کو کاروبار سے نکلنا ہوگا، سرکار کے کام کرنے کا طریقہ بدلنا ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں