عمران خان ، بشری بی بی تک رسائی بند کردی گئی

اسلام آباد(پی این آئی) اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی تک رسائی بند کردی گئی ہے، توشہ خانہ ٹو کیس میں سماعت عجیب طریقے سے ملتوی کی گئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر ، عمر ایوب خان ، شبلی فراز اور سلمان اکرم راجہ نے خیبرپختونخوا ہاؤس میں پریس کانفرنس کی۔قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی تک رسائی بند کردی گئی ہے، توشہ خانہ ٹو کیس میں سماعت عجیب طریقے سے ملتوی کی گئی، عدلیہ کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونا چاہیے ، عدلیہ کو کہنا چاہیے کہ بس اب بہت ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ، بشریٰ بی بی ، شاہ نے محمود قریشی ، یاسمین راشد ، حسان نیازی ، میاں محمود الرشید سمیت فوجی عدالتوں میں زیر حراست تمام قیدی سیاسی قیدی ہیں، ان سب کو رہا ہونا چاہیے ، پاکستان میں قانون کی بالادستی نہیں ہے، یہاں کوئی سرمایہ کاری کے لیے تیار نہیں ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ میں تمام حکومتی وزراء کو چیلینج کرتا ہوں کہ میرے ساتھ مہنگائی کے معاملے پر مناظرہ کرلیں، بجلی، آٹا، گیس ، چینی ، سب مہنگا ہوگیا، لوگوں کی قوت خرید کم ہوگئی ہے، یہ دنیا کے سب سے جھوٹے لوگ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے اوپن خط لکھا، بانی چیئرمین پی ٹی آئی وزیراعظم رہ چکے ہیں وہ دوبارا وزیراعظم ہوں گے، ان کے تجربے کا فائدہ اٹھانا چاہیے، ان کے ویژن اور تجربے سے فائدہ اٹھائیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی پوری قوم کو متحد کرسکتا ہے۔ سٹیٹ عوام ہوتی ہے، سٹیٹ ، قومی اسمبلی ، سینٹ ، صوبائی حکومتیں ہوتی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ پر بات کریں گے، 8 فروری کو عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا، قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی نے 180 نشستیں جیتیں، بین الاقوامی میڈیا نے بھی رپورٹ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے 8 فروری کے واضح اکثریت حاصل کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close