پنجاب اور سندھ کی حکومتیں آمنے سامنے آ گئیں

کراچی: سندھ اورکراچی میں ہونے والے ٹریفک حادثات پر سندھ اور پنجاب حکومت آمنے سامنے آگئے۔

سیہون میں ہونے والے حادثے پر پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے بیان پر ردعمل میں سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نےکہا کہ عظمیٰ بخاری نے سیہون حادثے پر سیاست کرنے کی کوشش کی، پنجاب کی وزیر اطلاعات صاحبہ کو حقائق کا پتا نہیں، جس روڈ کی بات کی جارہی ہے وہ نیشنل ہائی وے ہے، یہ ن لیگ کی وفاقی حکومت کی نااہلی ہے جو یہ روڈ مکمل نہ کرسکی، پنجاب کی وزیر صاحبہ جب بیان دیتی ہیں تو سوچ لیں کہ جواب آئے گا۔

دوسری جانب عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئینہ ان کو دکھایا تو برا مان گئے، صوبائیت کارڈ کھیلنا آپ کی پرانی عادت ہے، سندھ میں تمام بڑے پروجیکٹ وفاق کی مدد سے چل رہے ہیں، مسلسل شعلہ انگیزیاں آپ اور آپ کے لوگ کررہے ہیں۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سندھ میں جانور بندھے اسکولوں اور ٹرانسپورٹ کا رونا سالوں سے لوگ رو رہے ہیں، اپنی حکومت کی 16 سال کی کارکردگی اور مریم نواز کی ایک سال کی کارکردگی کا جب دل چاہے معائنہ کرلیں، جو جماعت 16 سال سے کراچی کا کچرا نہیں اٹھا سکی وہ ہمیں لیکچر نہ دے، اگر آپ کو کبھی صفائی اور خوبصورت سڑکیں دیکھنے کا شوق ہو تو لاہور لازمی چکر لگائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close