رمضان المبارک میں چینی کتنے روپے کلو ملے گی؟‎

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیرصنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں چینی اسٹالز پر فی کلو چینی 130 روپے میں ملے گی، چینی اسٹالز27 رمضان تک فعال ہوں گے۔

میڈیا کے مطابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس ہوا۔ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندے، صوبائی سیکرٹریز اور کین کمشنرز اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان میں چینی 130 روپے فی کلو دستیاب ہوگی۔ وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ہر ضلع میں چینی کے اسٹالز لگائے جائیں گے، عوام کو چینی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے میونسپل سطح پر اسٹالز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اعلامیہ کے مطابق ایک شناختی کارڈ پر 5 کلوگرام چینی کی خریداری کی اجازت ہوگی، چینی ایک اور دو کلو پیکنگ میں دستیاب ہوگی، چینی کے سٹالز کی نگرانی وفاقی وزراء اور چیف سیکرٹریز کریں گے ۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے ہدایت کی کہ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن اور صوبائی انتظامیہ چینی کی دستیابی یقینی بنائیں، رمضان سے تین دن قبل چینی کے اسٹالز لگائے جائیں گے چینی اسٹالز 27 رمضان تک فعال رہیں گے۔ دوسری جانب مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں کمی کے باوجود 13 اشیاء مہنگی ہو گئیں۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر ملک میں مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ریکارڈ ہوئی ہے جب کہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 0.98 فیصد کی سطح پر آگئی اسی طرح ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.04 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close