حکومت نے پٹرولیم لیوی کی وصولی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے

لاہور (پی این آئی) حکومت نے پٹرولیم لیوی کی وصولی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے، 6 ماہ میں عوام کی جیبوں سے 549 ارب روپے نکال لیے جانے کا انکشاف، مالی سال کے اختتام پر پٹرولیم لیوی کا حجم 1100 ارب روپے سے تجاوز کر جانے کا امکان۔

تفصیلات کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی بھی مالی سال کی پہلی ششماہی میں سب سے زیادہ لیوی کی وصولی کا انکشاف ہوا ہے۔جولائی تا دسمبر 2024 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں وصولی 549 ارب 41کروڑ روپے سے زائد رہی جس سے رواں مالی سال ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ لیوی کی وصولی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ وصولی کا ہدف 1281ارب روپے مقرر کیا گیا ہے اور فی لیٹر پیٹرول پر60 روپے لیوی وصول کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں سالانہ بنیاد پر پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں 76 ارب 64 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

جولائی تا دسمبر 2024 میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں 549 ارب41کروڑ وصول کیے گئے جب کہ گزشتہ مالی سال جولائی تا دسمبر میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی472 ارب 77کروڑ روپے تھی۔ واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر وصول کی جانے والی پٹرولیم لیوی سیلز اور دیگر ٹیکسوں کے علاوہ ہے۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں بھی 16 فروری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close