بیرسٹر علی ظفر کا چیف جسٹس کو خط،نکات سامنے آ گئے

رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و ممبر جوڈیشل کمیشن بیرسٹر علی ظفر نے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کو خط لکھ دیا۔

بیرسٹر علی ظفر نے خط میں جوڈیشل کمیشن کا 10 فروری 2025 کو شیڈول اجلاس مؤخر کرنے کی درخواست کی، انہوں نے 13 نکات پر مشتمل خط لکھا ہے۔خط کے متن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز سنیارٹی سے متعلق درپیش معاملے پر تشویش ہے، ججز سنیارٹی معاملے کے قانون کے مطابق حل تک جوڈیشل کمیشن اجلاس مؤخر کیا جائے۔

اس میں لکھا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹرانسفر کیے گئے ججز قابل عزت ہیں، یہ بات قابل تشویش ہے ہائیکورٹ کے 5 ججز نے بذریعہ خط سنیارٹی سے متعلق اعتراضات اٹھائے۔ممبر جوڈیشل کمیشن نے مزید کہا کہ کمیشن نے اجلاس کرنا ہے تو ٹرانسفر ججز کو زیر غور نہ لایا جائے، سپریم کورٹ کے 4 ججز بھی اجلاس مؤخر کرنے کی درخواست کر چکے، ججز ٹرانسفر سے اسلام آباد ہائیکورٹ کی سینیارٹی لسٹ تبدیل ہو گئی۔

6 فروری 2025 کو چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرِ صدارت جوڈیشل کمیشن اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کیلیے 9 ناموں کی منظوری دی گئی تھی۔جوڈیشل کمیشن اجلاس کے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کی اکثریت نے لاہور ہائیکورٹ میں 9 ایڈیشنل جج لگانے کی منظوری دی۔

اعلامیے کے مطابق حسن نواز مخدوم، سردار اکبر علی، ملک جاوید اقبال وینس، ملک وقار حیدر، سید احسن کاظمی، محمد جواد ظفر، خالد اسحاق، ملک اویس خالد اور سلطان محمود کے ناموں کی منظوری دی گئی۔اجلاس کے آغاز پر ممبر جوڈیشل کمیشن ایڈووکیٹ اختر حسین کی اہلیہ کیلیے فاتحہ خوانی کی گئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close