ایم کیو ایم پاکستان نے پارٹی رہنماؤں کے اختلافات کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ دو روز سے میڈیا پر مسلسل ایم کیو ایم سے متعلق من گھڑت خبریں چلائی جارہی ہیں، سوچی سمجھی سازش کے تحت پارٹی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم نے وضاحتی بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر چند عناصر معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرکے پارٹی میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ایم کیو ایم کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے، شرپسند عناصر کارکنان کو آپس میں لڑواکر اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان ایک جمہوری جماعت ہے جہاں مباحثہ اور مختلف آرا جمہوری روایات کی عکاس ہیں، ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت متحد ہے اور تمام صورتحال کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔ترجمان ایم کیو ایم نے کارکنان سے اپیل کی کہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور کسی شرانگیزی کا شکار نہ ہوں، صحافتی اداروں سے درخواست ہے کہ ایم کیو ایم سے متعلق خبروں کو بغیر تصدیق نشر نہ کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے نئی تنظیمی ذمے داریوں کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد گزشتہ روز مبینہ طور پر کارکنوں نے ایم کیوایم کے بہادر آباد مرکز پہنچ کر فیصلے پر اعتراض کیا تھا۔سوشل میڈیا پر وائرل ایم کیو ایم کے بہادر آباد مرکز سے منسوب وڈیوز میں کارکنان کو احتجاج اور نعرے بازی کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں