بجلی صارفین کیلئے بڑی خوشخبری‎

اسلام آباد (پی این آئی) بجلی کی قیمت میں تقریباً 2 روپے فی یونٹ کمی کا امکان ظاہر کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کے الیکٹرک سمیت تقسیم کار کمپنوں نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں تقریباً 2 روپے فی یونٹ کمی کی درخواست کی ہے، نیپرا 12 فروری کو درخواست پر سماعت کرے گا۔بتایا گیا ہے کہ کیپسٹی چارجز میں کمی سے بجلی صارفین کوریلیف ملنے کی توقع ہے، صارفین کو 52 ارب 12 کروڑ روپے کے ریلیف کے لیے درخواست نیپرا میں دائر کردی گئی ہے، درخواست رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی گئی، نیپرا تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر 12 فروری کو سماعت کرے گا۔ نیپرا ذرائع نے بتایا کہ کیپیسٹی چارجزکی مد میں 50 ارب66 کروڑروپےکی کمی مانگی گئی ہے، ٹرانسمیشن اینڈڈسٹری بیوشن نقصانات کی مد 2 ارب 66 کروڑ روپے کمی کرنے کی درخواست کی گئی جب کہ آپریشنز اینڈ میٹیننس کی مد میں 2 ارب 69 کروڑ روپے مانگے گئے ہیں، اکتوبر تا دسمبر 2024 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکڑک پر بھی ہوگا۔

علاوہ ازیں سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی نے قیمت میں کمی کیلئے نیپرا کو درخواست دیدی، نیپرا کو دی گئی درخواست میں دسمبر کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کمی مانگی گئی ہے، دسمبر میں ڈسکوز کو 7 ارب 51 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی، دسمبر میں فی یونٹ بجلی کی فیول لاگت 9 روپے 60 پیسے رہی، ماہ دسمبر میں لاگت کا تخمینہ 10 روپے 63 پیسے فی یونٹ تھا۔درخواست میں کہا گیا کہ مقامی گیس سے12.31، ایل این جی سے 20.70 فیصد بجلی پیداوار رہی، ماہ دسمبر میں نیو کلیئر ذرائع سے 26.48 فیصد بجلی پیدا کی پیداوار رہی، ایک ماہ میں پانی سے 22.80 فیصد بجلی کی پیداوار رہی، ماہ دسمبر میں مقامی کوئلے سے 10.06 فیصد بجلی پیدا ہوئی، درآمدی کوئلے سے 1.59 فیصد، فرنس آئل سے 0.03 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close