سیالکوٹ (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے لاہور کے بعد سیالکوٹ میں بھی جلسے کیلئے درخواست دیدی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی نے 8 فروری کو سیالکوٹ میں جلسہ عام کرنے کی اجازت کے حصول کے لیے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی ہے، اس حوالے سے درخواست پی ٹی آئی کی مرکزی رہنما ریحانہ امتیاز ڈار کی جانب سے دی گئی، جس کے لیے سٹی صدر میاں اعجاز اور پی ٹی آئی کے وکلاء کی ٹیم بھی ڈپٹی کمشنر کو درخواست دینے کے لیے پہنچی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا کہ ہمیں جلسہ کرنے کی اجازت ملنی چاہیئے تاکہ عوام کو بتا سکیں کہ ہم حق کے لئے ڈٹے ہوئے ہیں، میری درخواست ہے خدا کا خوف کریں، حق اور سچ کا ساتھ دیں، مجھے میڈیا ٹی وی پر بلائے تو میں خواجہ آصف کی ہر بات کا جواب دوں گی، اگر ہمیں سیالکوٹ میں جلسے کی اجازت نہ ملی تو ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ تک بھی جاؤں گی۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پی ٹی آئی نے 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور جلسے کی اجازت کیلئے ڈپٹی کمشنر کو درخواست بھی دے دی ہے، عالیہ حمزہ، ملک احمد بھچراوراعجاز بٹر کی جانب سے جمع کروائی جانے والی درخواست میں مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت مانگی گئی، تحریک انصاف کا درخواست میں کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پرامن طریقے سے 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنا چاہتی ہے، آئین کے آرٹیکل 16 کے تحت جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں