مہنگائی کی ستائی عوام کیلئے بُری خبر

لاہور (پی این آئی) رمضان المبارک سے قبل چینی مزید مہنگی ہونے کا امکان، حکومت کا چینی پر ایک اور ٹیکس عائد کرنے پر غور، ٹیکس عائد ہونے پر چینی مزید مہنگی ہو جائے گی۔

دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے فی کلو چینی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگانے کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق فی کلو چینی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگانے کیلئے تجاویز وزیراعظم کو بھجوائی گئی ہیں، چینی پر سیلز ٹیکس کا طریقہ کار بھی تبدیل کرنے کیلئے تجاویز زیرغور ہیں، ٹیکس لاء میں ترمیم کے ذریعے فکسڈ سیلز ٹیکس عائد کر کے وصول کیا جا سکتا ہے ۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ابتدائی طور پر 3 سے 4 روپے فی کلو تک ایف ای ڈی عائد کیے جانے کی تجاویز ہیں، وزیرمملکت برائے خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، سیکرٹری وزارت خزانہ نے تجاویز تیار کی ہیں، ایف ای ڈی سے عام آدمی بھی فی کلو چینی خریدنے پر اس زد میں آئے گا، ایف ای ڈی اور سیلز ٹیکس تجاویز پر حتمی فیصلہ وزیراعظم آفس کیجانب سے ہو گا۔

دوسری جانب وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ فی الحال چینی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد نہیں کی جا رہی، ایف ای ڈی اور سیلز ٹیکس کی ابتدائی تجاویز ہیں جن میں ردوبدل کا بھی امکان ہے۔واضح رہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ملک میں جہاں اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، وہیں اب یوٹیلٹی اسٹورز پر دستیاب چینی کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ کر دیا گیا۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی قیمت 140 سے بڑھا کر 145روپے فی کلو مقرر کر دی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں چینی مہنگی ہونے پر یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی چینی مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close