اسلام آباد (پی این آئی) ماہ شعبان کے چاند کی رویت سے متعلق رویت ہلال کمیٹی کا اہم اعلان، شعبان کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب، زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے بھی اجلاس طلب کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق شعبان کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل بروز جمعرات کو اسلام آباد میں ہوگا۔اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کریں گے۔ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز لاہور، کراچی،کوئٹہ اور پشاور میں ہوں گے ۔ چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کریں گے۔ واضح رہے کہ ماہرین فلکیات کی پیشن گوئی کے مطابق ماہ شعبان کے چاند کی پیدائش ہو گئی۔
ماہرین فلکیات کے مطابق شعبان کے چاند کی پیدائش پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق 29 جنوری کی شام 5 بجکر 36 منٹ پر ہوئی۔ یوں پاکستان میں شعبان کا چاند30جنوری بروز جمعرات نظر آنے کا قوی امکان ہے۔ ماہرین فلکیات کے مطابق 30 جنوری بروز جمعرات کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے 4 منٹ ہوگی، چاند نظر آنے کا دورانیہ غروب آفتاب کے بعد 57 منٹ تک رہنے کا امکان ہے۔
یوں 30 جنوری کو ماہ شعبان کا چاند نظر آ جانے کا قوی امکان ہے۔ جبکہ رمضان المبارک کے آغاز کے حوالے سے بھی ماہرین فلکیات کی اہم پیشن گوئی بھی سامنے آئی ہے۔ اس سال رمضان المبارک کا آغاز ماہ مارچ میں ہوگا،کچھ ممالک میں اس کا آغاز یکم مارچ اور کچھ کا 2 مارچ ہوگا،سعودی عرب، خلیجی ممالک سمیت کئی مغربی اور یورپی ممالک میں یکم رمضان یکم مارچ بروز ہفتہ کو ہوگا۔
عید الفطر، 30 مارچ بروز اتوار یا 31 مارچ بروز پیر کو آنے کا امکان ہے۔ جبکہ پاکستان میں رواں سال 2025 میں عیدالفطر کب ہو گی اس کی متوقع تاریخ بھی سامنے آ گئی۔ ماہرین فلکیات کے مطابق پاکستان میں عیدالفطر کا چاند 29 یا 30 مارچ کو نظر آنے کا امکان ہے۔ یوں عیدالفطر 30 یا 31 مارچ کو منائی جائے گی۔پاکستان میں رمضان المبارک اور عید کے چاند نظر آنے کا حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں