اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہےکہ کمیشن نہیں بنےگا تو ہم حکومت کے ساتھ صرف فوٹوسیشن کے لیے تو نہیں بیٹھ سکتے۔
اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج سے متعلق مقدمے میں پیش ہوئے، کئی وکلا پر دہشتگردی کے مقدمات ہوئے، جج صاحب نےکہا امید ہے آئندہ تاریخ پرکیس ختم ہوجائے گا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مذاکرات بہترین راستہ ہے، بڑی فراخدلی سے ہم نے مذاکرات شروع کرلیے تھے اور تحفظات کے باوجود نیک نیتی سے مذاکرات میں بیٹھے تھے،
ہمارے ساتھ زیادتیاں ہوئیں، ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا تھا، بانی پی ٹی آئی اور بی بی کو جس طریقے سے سزائیں دی گئیں سب کے سامنے ہے، ان سب چیزوں کے باوجود بانی پی ٹی آئی نے دو مطالبات پر مذاکرات کا اعلان کیا تھا۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کوکہا 7 دن میں کمیشن بنانے یا نہ بنانے کا اعلان کریں، کمیشن میں یہ بھی طےہونا تھا کہ اس میں ججزکون سے ہیں، ٹی او آرز کون سے ہوں گے لیکن حکومت کی طرف سےکچھ بھی نہیں ہوا جو ثابت کرتاہےکہ کمیشن بنانےکی نیت نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن نہیں بنےگا تو ہم حکومت کے ساتھ صرف فوٹو سیشن کے لیے تو نہیں بیٹھ سکتے، تحریک انصاف تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات کرنا چاہ رہی تھی، بانی پی ٹی آئی نے خود اس کو شروع کیا اور سب سے پہلے کمیٹی بانی پی ٹی آئی نے بنائی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں