امریکی رکن کانگریس کا عمران خان کی رہائی کا مطالبہ

واشنگٹن(پی این آئی) امریکی رکن کانگریس جو ولسن کا عمران خان کو رہا کرنے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی کی امریکا میں ہونے والی حالیہ ملاقاتوں کے بعد دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے کچھ امریکی اراکین کانگریس سے ملاقاتیں کی گئی ہیں، جن میں امریکی کانگریس مین جو ولسن بھی شامل ہے۔اس ملاقات کے بعد جو ولسن نے بانی تحریک انصاف کو رہا کرنے کا ٹوئٹ کر دیا۔

اس حوالے سے جنوبی ایشیا سے متعلق ماہر اور معروف غیر ملکی صحافی مائیکل کوگلمین کی جانب سے ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے بعد امریکی رکن کانگریس جو ولسن کی جانب سے عمران خان کی رہائی کیلئے کیا گیا ٹوئٹ یقینی طور پر محسن نقوی اور ان کے بڑوں کیلئے بڑی ناکامی ہے۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے امریکی کانگریس مین جو ولسن اور کانگریس مین روب بریسنہان سے واشنگٹن میں الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک امریکہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، ان اہم ملاقاتوں میں علاقے میں پائیدار امن کے قیام خصوصا افغانستان کی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔

ملاقاتوں میں پاک امریکہ تعلقات کو مزید فروغ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و ثقافتی وفود کے باہمی تبادلے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک امریکہ تعلقات کے فروغ کے لئے ہر سطح پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کانگریس مین جو ولسن اور کانگریس مین روب بریسنہان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close