اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی ڈیڈلائن میں مزید کمی کردی۔
میڈہا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان کمیٹیوں کی سطح پر جاری مذاکرات کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ڈیڈ لائن کو مزید کم کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر حکومت کو جو ڈیشل کمیشن بنانے کے لیے 27 جنوری تک کی ڈیڈ لائن دے دی ہے، جس کے تحت اب تحریک انصاف 27 جنوری تک حکومت کی جانب سے جواب کا انتظار کرے گی، اس دوران اگر پی ٹی آئی کا ایک بھی مطالبہ نہ مانا گیا تو تحریک انصاف مزید مذاکرات جاری نہیں رکھے گی اور 28 جنوری تک حکومتی کمیٹی کی طرف سے رابطہ نہ ہونے پر مذاکرات ختم تصور ہوں گے جب کہ اس سے پہلے عمران خان نے مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے 31 کی ڈیڈ لائن دی تھی۔
ادھر بتایا جارہا ہے کہ حکومتی کمیٹی نے پی ٹی آئی کے مطالبات پر سب کمیٹی تشکیل دی ہے، حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے 28 جنوری تک باقاعدہ جواب کا عندیہ دیا گیا، ترجمان حکومتی مذاکراتی کمیٹی سینیٹر عرفان صدیقی نے کہتے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن بنانے کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا، پی ٹی آئی کے 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن سمیت دیگر مطالبات پر 7 روز میں تفصیلی جواب دیں گے، ابھی اس معاملے پر مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مذاکراتی کمیٹیوں کی سیرحاصل گفتگو ہوئی، جوڈیشل کمیشن پر ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا، ہماری آراء قریب قریب ہیں میٹنگز آئندہ بھی جاری رہیں گی، ذرائع کے حوالے سے میڈیا میں آنے والی اس خبر میں کوئی صداقت نہیں کہ حکومتی کمیٹی نے پی ٹی آئی کے چارٹر آف ڈیمانڈز کے جواب میں اپنا موقف تیا ر کرلیا ہے، یہ خبر اور اس میں بیان کی گئی تمام تفصیلات بے بنیاد ہیں، اس وقت حکومتی کمیٹی میں شامل سات جماعتیں باہمی مشاورت اور اپنی اپنی قیادت سے راہنمائی حاصل کرنے کے عمل میں ہیں، حتمی جواب تیار کرنے میں ایک ہفتہ مزید لگ سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں