ماہرین فلکیات نے ماہ شعبان کے چاند سے متعلق پیشنگوئی کر دی

لاہور (پی این آئی) ماہرین فلکیات نے ماہ شعبان کے چاند کی رویت سے متعلق پیشن گوئی کر دی، ماہ رجب کے تیسرے عشرے کے آغاز کے بعد رمضان المبارک کی آمد میں چند ہی دن باقی رہ گئے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے شعبان المعظم کے چاند کی پیش گوئی کردی۔ کلائمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کےمطابق شعبان کا چاند30جنوری بروز جمعرات نظر آنے کا قوی امکان ہے، چاند کی پیدائش 29 جنوری کی صبح 5 بجکر 36 منٹ پر ہوگی۔محکمہ موسمیات کے مطابق غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے 4 منٹ ہوگی،چاند نظر آنے کا دورانیہ غروب آفتاب کے بعد 57 منٹ تک رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب رمضان المبارک کے آغاز کے حوالے سے ماہرین فلکیات کی اہم پیشن گوئی بھی سامنے آئی ہے۔اس سال رمضان المبارک کا آغاز ماہ مارچ میں ہوگا،کچھ ممالک میں اس کا آغاز یکم مارچ اور کچھ کا 2 مارچ ہوگا،سعودی عرب، خلیجی ممالک سمیت کئی مغربی اور یورپی ممالک میں یکم رمضان یکم مارچ بروز ہفتہ کو ہوگا۔

عید الفطر، 30 مارچ بروز اتوار یا 31 مارچ بروز پیر کو آنے کا امکان ہے۔ جبکہ پاکستان میں رواں سال 2025 میں یکم رمضان المبارک اور عیدالفطر کب ہو گی اس کی متوقع تاریخیں سامنے آ گئی ہے۔ ماہرین فلکیات کے مطابق پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند 28 فروری یا یکم مارچ کو نظر آئے گا۔ اس طرح یکم رمضان المبارک یکم مارچ یا 2 مارچ کو ہوگا۔اسی طرح عیدالفطر کا چاند 29 یا 30 مارچ کو نظر آنے کا امکان ہے۔

یوں عیدالفطر 30 یا 31 مارچ کو منائی جائے گی۔پاکستان میں رمضان المبارک اور عید کے چاند نظر آنے کا حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔ واضح رہے رمضان المبارک قمری سال کا نواں مہینہ ہے جو دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مقدس ہے۔ اس ماہ مبارک میں اہل اسلام نماز فجر کا وقت شروع ہونے سے نماز مغرب تک اللہ کی رضا کے لیے بھوکا پیاسا رہ کر روزہ رکھتے ہیں اور عید اللہ تعالی کی جانب سے اپنے ان ہی روزہ دار بندوں کے لیے ایک انعام ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close