وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے 8 فروری کو یوم تعمیر و ترقی کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا۔
واضح رہے کہ 8 فروری 2024 کو ملک بھر میں عام انتخابات منعقد ہوئے تھے، عمران خان نے اس دن یوم سیاہ منانے کا اعلان کر رکھا ہے، وہ با رہا الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا مار کر فارم 47 کی جعلی حکومت مسلط کر دی گئی۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ سال کامیابیوں کا سال ہے، اسپورٹس مین اسپرٹس سے ہی معاملات اچھے طریقے سے آگے بڑھتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اب ہم چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنے جا رہے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ اتنے عرصے کے بعد اتنے بڑے ٹورنامنٹ کا پاکستان میں ہونا خوش نصیبی ہے، ہمارے کرکٹ گراؤنڈز میں رونقیں لوٹ آئیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی تمام بہترین ٹیمیں پاکستان آئیں گی، شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، مزید کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آرہی ہیں، مہنگائی کم ہو رہی ہے، شرح سود نیچے جا رہی ہے، اسٹاک مارکیٹ اوپر جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 8 فروری کو یوم تعمیر و ترقی کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے، اسی طرح اچھا کردار ادا کرنے والے افراد کو بلا کر ایوارڈز دیے جائیں گے، ملک کے نوجوانوں کی خدمات کا اعتراف کیا جائے گا، انتخابات کے بعد یہ سال بہت اہم ثابت ہوا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں