اسلام آباد (پی این آئی) ملک میں کورونا کیسز کے دوبارہ پھیلاؤ کی خبروں پر قومی ادارہ صحت نے وضاحت جاری کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ادارہ صحت نے ملک میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ کی تردید کی ہے، اس حوالے سے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول این آئی ایچ کے سربراہ ڈاکٹر ممتاز خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال قابو میں ہے، کورونا کیسز میں تیزی سے اضافے کی بات درست نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں انفلوئنزا، ایچ ون این ون کیسز سامنے آرہے ہیں، سردیوں میں امراض تنفس کیسز میں اضافہ معمول کی بات ہے، کورونا، نیمو، انفلوئنزا، موسمی فلو کی علامات ملتی جلتی ہیں اس لیے شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں حالات قابو میں ہیں، قومی ادارہ صحت نے ملک بھر میں سرویلنس بڑھادی ہے۔
دوسری طرف ماہر متعدی امراض ڈاؤ ہسپتال پروفیسر سعید خان نے بتایا کہ کراچی میں بڑی تعداد میں لوگ نزلہ، کھانسی اور بخار میں مبتلا ہو رہے ہیں، ٹیسٹ کروانے پر 25 سے 30 فیصد مریضوں میں کورونا مثبت آ رہا ہے، 10 سے 12 فیصد مریضوں میں انفلوئنزا ایچ 1 این 1 جبکہ 5 سے 10 فیصد بچوں میں سانس کی نالی کے انفیکشن کی تصدیق ہو رہی ہے، کورونا، انفلوئنزا ایچ 1 این 1 اور سردیوں کے دیگر وائرل انفیکشن کی علامات ملتی جلتی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں