پشاور(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ سیاسی انتقام ہے جس سے آئین، انصاف اور قانون کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں، آج کا دن سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما نے کہا کہ فیصلے میں حکومت کی بدنیتی بھی عیاں ہیں، فیصلے سے ملک میں جاری سیاسی استحکام کی کوششوں کو دھچکا لگے گا، پوری قوم کو فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے۔ انشاءاللہ اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کو بھی سوچنا ہوگا کہ ملک میں انسانی حقوق اور رول آف لاء کے لیے کیا لائحہ عمل اختیار کرنا ہے کیونکہ ایسے ماحول میں ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ القادر ٹرسٹ بنانا اتنا بڑا جرم نہیں تھا جس میں عمران خان کو 14 سال اور بشریٰ بی بی کو سات سال کی سزا دی جا سکے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ فیصلہ تو پارٹی کرے گی مگر میرے خیال میں اب حکومت سے مذاکرات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بد قسمتی سے توشہ خانہ سے قیمتی گاڑیاں لے جانے والے اور منی لانڈرنگ کر کے باہر جائیدادیں بنانے والے آج آزاد گھوم رہے ہیں اور حکومت میں ہیں جبکہ ملک کا نام روشن کرنے اور اپنا سب کچھ ملک کو دینے اور عوام کی آزادی کی جدوجہد کرنے والے عمران خان کو 14 سال سزا دی گئی۔ اس سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی اور جگ ہنسائی ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں