پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات پر رانا ثنا اللہ کا موقف سامنے آگیا

اسلام آباد(پی این آئی)وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا چارٹر آف ڈیمانڈ جھوٹ کے سوا کچھ نہیں، ان کا کوئی جواب بنتا ہی نہیں، ان کے پاس پراپیگنڈے کے علاوہ اور کچھ نہیں۔

اسلام آباد میں سینیٹر عرفان صدیقی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے 9 مئی پر تحقیقات کا معاملہ پہلے سے سپریم کورٹ میں ہے، پی ٹی آئی کے مطالبات پر دوبارہ تو انکوائری کھولی نہیں جا سکتی۔وزیر اعظم نے پی ٹی آئی کے مطالبات کے جواب میں تمام جماعتوں کی نمائندہ کمیٹی بنائی ہے، کمیٹی پی ٹی آئی کے مطالبات کا جائزہ لے کر جواب دے گی، وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی مطالبات کا باضابطہ جواب دے گی، فی الوقت مطالبات پر بادی النظر میں جو رائے ہے وہ سامنے رکھ رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آج اپوزیشن نے الیکشن کے حوالے سے کوئی مطالبہ نہیں کیا، پی ٹی آئی اپنے سیاسی قیدیوں کی رہائی چاہتی تھی، پی ٹی آئی نے اپنے کسی سیاسی قیدی کی تفصیلات نہیں دیں، انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے چیف جسٹس یا تین سینئر ترین ججز پر مشتمل کمیشن بنایا جائے، پی ٹی آئی کے 9 مئی پر تحقیقات کا معاملہ پہلے سے سپریم کورٹ میں ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی احاطہ عدالت سے گرفتاری پر بھی اس وقت کے چیف جسٹس نے نوٹس لیا تھا، بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے معاملے پر جوڈیشل طریقہ کار پورا ہو چکا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close