بھارتی آرمی چیف کے بیان پر ترجمان پاک فوج کا ردعمل سامنے آ گیا

راولپنڈی(پی این آئی)ترجمان افواج پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے من گھڑت بیان پر منہ توڑ جواب دیدیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہاگیا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا پاکستان کو دہشتگردی کا مرکز قرار دینا حقائق کے منافی ہے،بھارتی آرمی چیف کا بیان بھارت کے پٹے ہوئے موقف کے مردے گھوڑے میں جان ڈالنے کی ناکام مشق ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنرل افسر نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر انتہائی وحشیانہ جبر کی ذاتی طور پر نگرانی کی۔ترجمان کا مزید کہناتھا کہ بھارتی آرمی چیف کے ریمارکس بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں بربریت سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے،یہ اندرونی طور پر اقلیتوں پر جبراور بھارت کے بین الاقوامی جبر سے دنیاکی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے،ایسے سیاسی، غلط بیانات بھارتی فوج کی سیاست زدہ سوچ کی عکاسی کرتے ہیں،پاکستان ایسے بے بنیاد بیانات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کاکہنا ہے کہ دنیا بھارت کی نفرت انگیز جلسوں کی گواہ ہے جس میں مسلمانوں کے قتل عام پر اکسایا گیا،بھارت میں اقلیتوں پر ظلم اور نفرت انگیز بیانیے عالمی برادری سمیت سب پر عیاں ہیں،بھارتی فوجی افسر پاکستان میں دہشتگردی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار ہوئے،بھارت کا پروپیگنڈہ کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتا، بھارتی فوج کے اقدامات انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

ترجمان کاکہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی کے منصوبے عالمی برادری کے سامنے بے نقاب ہو چکے،بھارتی آرمی چیف کی غیرذمے دارانہ گفتگو حقیقت سے بالکل برعکس ہے،بھارتی آرمی چیف کے بیانات سیاسی مقاصد کے تحت دیئے گئے ہیں،کشمیر عوام کے حق خودارادیت کو دبانے کی بھارتی کوششیں ناکام ہوں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close